جے پور : راجستھان رائلز نے ہائی اسکورنگ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کو 6 وکٹوں سے شکست دی ہے۔ جے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آر سی بی نے پہلے کھیلتے ہوئے 183 رنز بنائے۔ راجستھان کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرنے نکلی اور اس نے یہ ہدف 5 گیندیں باقی رہ کر حاصل کر لیا۔آر سی بی کے لیے ویراٹ کوہلی نے 113 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنے آئی پی ایل کیریئر کی 8ویں سنچری بنائی۔ دوسری جانب اگرچہ راجستھان رائلز یعنی آر آر کے اوپنر یشسوی جیسوال صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئے لیکن جوس بٹلر کی سنچری اور سنجو سیمسن کی 42 گیندوں میں 69 رنز کی اہم اننگز کی مدد سے راجستھان نے آر سی بی کو یک طرفہ انداز میں شکست دی۔
ویراٹ کوہلی نے آر آر بمقابلہ آر سی بی میچ میں 67 گیندیں کھیل کر اپنے آئی پی ایل کیریئر کی 8ویں سنچری مکمل کی۔ یہ حقیقت آپ کو حیران کر سکتی ہے کہ 67 گیندوں میں سنچری بنا کر ویراٹ کوہلی آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے سست سنچری بنانے میں منیش پانڈے کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ لیکن ویراٹ کی سنچری سنجو سیمسن اور جوس بٹلر کی شاندار اننگز اور ان کے درمیان 148 رنز کی شراکت کے مقابلے میں کمزور پڑ گئی۔ جوس بٹلر نے چھکا لگا کر راجستھان کو فتح دلائی اور اس چھکے کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی سنچری بھی مکمل کی۔