پٹنہ (ت ن س)راجدھانی پٹنہ سمیت ریاست کے بیشتر حصوں میں شدت کی گرمی پڑ رہی ہے۔ گرم ہوا اور شدید لو کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے۔ ریاست کے بیشتراضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40ڈگری سے اوپر یا اس کے آس پاس بناہواہے۔ محکمہ موسمیات کی اطلاع کے مطابق شمالی بار میں13جون تک درجہ حرارت 40سے 42ڈگری سیلسس کے درمیان رہے گالیکن شمال مشرقی حصوں میں 12جون سے درجہ حرارت میں 2سے 4ڈگری کی کمی آنےکا امکان ہے۔ شمال مشرقی حصے میں آندھی بارش کے آثارہیں۔ کیرل میں مانسون داخل ہوگیاہے۔ 15جون تک بہارمیں مانسون داخل ہوسکتاہے۔ اس کے بعدبھی بہار کے لوگوں کو گرمی سے راحت کی امیدہے۔ دوسری طرف ریاست میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی کھپت کا رکارڈ ٹوٹ گیاہے۔ اطلاع کے مطابق 7جون کو 6983میگاواٹ بجلی کی سپلائی کی گئی تھی جو گذشتہ سال سے 200میگاواٹ زیادہ ہے۔ محکمہ توانائی کے افسران کا کہناہے کہ اس سال تقریباً7100 میگاواٹ سے زیاہ بجلی کی کھپت کا امکان ہے۔محکمہ توانائی کے سکریٹری سنجیوہنس نے بتایاکہ محکمہ کی طرف سے اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ ضرورت کے مطابق بجلی کی سپلائی یقینی بنائی جاسکے۔