نئی دہلی: چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ پرجہاں پوری دنیا نے ہندوستان اور اسرو کو مبارکبا دی وہیں کئی لیڈران اپنے بیانات کی وجہ سرخیوں میں رہے۔ ان کے یہ بیانات سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیںکیونکہ وہ حقیقت سے بہت دور ہیں ۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سب سے پہلے ہندوستان کے خلاباز راکیش شرما کو راکیش روشن (اداکار ہدایت کار) کہہ دیا ۔پھر یہ کہا کہ وہ چاند پر گئے تھے۔
بنگال کے سی ایم نے ایک پروگرام میں کہا کہ راکیش روشن چاند پر گئے تھے۔ اس وقت کی ہندوستان کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ان سے پوچھا تھا – چاند سے ہندوستان کیسا لگتا ہے؟ یہ سچ بھی ہے کہ 3 اپریل 1984 کو راکیش شرما (سابقہ فضائیہ کے پائلٹ) کو روس (اس وقت کے سوویت یونین) نے خلا میں بھیجا تھا۔وہ راکٹ سویوزٹی 11 (چاند پر نہیں)بلکہ خلا میں گئے تھے اوروہاں 8 دن تک رہے تھے۔ وہ خلا میں جانے والے پہلے ہندوستانی اور دنیا کے 138ویں خلاباز تھے۔ اندرا کے سوال پر راکیش نے کہا تھا- سارے جہاں سے اچھا، ہندوستاں ہمارا۔
راج بھر اتر پردیش کی سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اور ایم ایل اے ہیں۔ انہوں نے کہا- ہم انہیں چندریان 3 کے لیے مبارکباد دیتے ہیں جس کی آپ بات کر رہے ہیں۔ کل ان کے بحفاظت زمین پر واپس آنے کا وقت ہے، ان کی آمد کے بعد پورا ملک ان کا استقبال کرے۔
اشوک چاندنا راجستھان میں اشوک گہلوت حکومت میں وزیر کھیل ہیں۔ انہوں نے کہا – محفوظ لینڈنگ ہوئی ہے۔ میں ان مسافروں کو سلام کرتا ہوں جو اس میں گئے ہیں۔ ہمارے ملک نے سائنس اور خلائی تحقیق میں ترقی کی ہے۔
آر جے ڈی لیڈر شکتی سنگھ یادو بہار کے سابق ایم ایل اے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاند پر چندریان کی کامیاب لینڈنگ کے لیے ناسا (امریکی خلائی ایجنسی) کے تمام سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ان بیانات سے یہ پتہ چلتا ہے کہ ہمارے لیڈران کچھ زیادہ ہی پُر اعتماد ہیں ،وہ کسی موضوع پر بولنے سے پہلے، اُس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی بھی ضرورت نہیں محسوس کرتے ۔