نئی دہلی : کانگریس قائد راہل گاندھی جمعرات کو نئی دہلی کے آنند وہار ریلوے اسٹیشن پہنچے اور قلیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس دوران راہل کو قلی کی سرخ قمیض پہنے اور سر پر سامان اٹھائے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ اس کے بعد وہ قلیوں کے ساتھ بیٹھے اور ان سے ان کے مسائل پوچھے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر قلیوں کے ساتھ راہل کی بات چیت کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا کہ عوام کے لیڈر راہل گاندھی نے دہلی کے آنند وہار ریلوے اسٹیشن پر اپنے قلی دوستوں سے ملاقات کی۔ پارٹی نے لکھا کہ حال ہی میں ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا، جس میں ریلوے اسٹیشن کے قلی دوستوں نے ان سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ آج راہول ان کے درمیان پہنچے اور ان کی باتیں سنیں ۔
وہیں راہل نے ‘انسٹاگرام’ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ آج دہلی کے آنند وہار ٹرمینل پر کام کرنے والے قلی بھائیوں سے ملاقات کی۔ انھوں نے لکھا کہ میرے ذہن میں یہ خواہش کافی دنوں سے تھی اور انھوں نے مجھے بہت پیار سے بلایا تھا اور ہندوستان کے محنت کش بھائیوں کی خواہش کسی بھی قیمت پر پوری ہونی چاہیے۔اس سے پہلے بھی راہل نے بس میں سفر کیا اور ایک میکنک سے بھی گیریج میں ملاقات کی تھی ۔انہوں نے کسانوں کے ساتھ فصل بھی بوئی تھی۔