علیگڑھ:کانگریس نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں راہل گاندھی کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی طالبات سے ملاقات کو دکھایا گیا ہے۔اس ویڈیو میں اے ایم یو کی طالبات راہل گاندھی سے سماجی و سیاسی موضوعات پر گفتگو کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ ایک طالبہ نے بات چیت کے دوران راہل گاندھی سے ’حجاب یا عبایا‘ کے متعلق ان نظریہ جاننا چاہا۔ اس پر راہل گاندھی نے جواب دیا کہ ’’میرا نظریہ یہ ہے کہ خواتین جو بھی پہننا چاہتی ہیں، اس کا فیصلہ وہ خود کریں۔ یہ ان کا اپنا کا فیصلہ ہونا چاہئے۔راہل گاندھی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ لباس آپ (خواتین) کی ذمہ داری ہے، آپ کا فیصلہ ہے۔ اس میں کسی کو مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد کچھ طالبات نے خوشی کا اظہار بھی کیا۔ ایک طالبہ نے کہا کہ ’’ان کے لیے میں نے کچھ لکھا تھاشہر چمن کو اپنے بہاروں پہ ناز تھا/وہ آئے اور سارے چمن پہ چھا گئے۔‘‘ اس طالبہ نے اس بات پر بھی خوشی ظاہر کی کہ راہل گاندھی نے انھیں اپنا آٹو گراف بھی دیا۔ ایک دیگر طالبہ نے راہل گاندھی سے ملاقات کو بہت خوش آئند قرار دیا اور ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کی اہمیت و افادیت پر بھی بات کی۔