نئی دہلی: سعودی عرب کے وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود کی آج حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کا امکان ہے۔ سعودی ولی عہد تین روزہ دورے پر دہلی پہنچے ہیں ۔جی 20 سربراہ اجلاس کے بعد ان کاوزیراعظم نریندرمودی اور صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کا پروگرام ہے ۔
حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ ملاقات کے بعدسعودی ولی عہد کی جانب سےوہیں دوپہر 12 بجے کے آس پاس ہند-سعودی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کی پہلی میٹنگ کے منٹس پر دستخط کئےجانے کی امید ہے۔ان سب کے بعدسعودی عرب کے وزیر اعظم شام تقریبا 6:30 بجے راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے۔ محمد بن سلمان تقریباً 8.30 بجے نئی دہلی سے روانہ ہوں گے۔
سعودی ولی عہد نے اس سے پہلے فروری 2019 میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا اور یہ ہندوستان کا ان کا دوسرا سرکاری دورہ ہے۔ محمد بن سلمان جمعہ کو 18 ویں جی 20 لیڈرس سمٹ میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچے ہیں۔