جئے پور: وزیراعظم نریندر مودی کی روانہ کردہ چادر ہفتہ کے دن درگاہ اجمیر میں چڑھائی گئی۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور کرن رجیجو نئی دہلی سے بہ ذریعہ طیارہ یہ چادر لے کر اجمیر پہنچے۔انہوں نے جئے پور ایرپورٹ پر کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے چادر چڑھانا سارے ملک کی طرف سے چادر چڑھانے کے برابر ہے۔ ہم ملک میں بھائی چارہ کا ماحول چاہتے ہیں۔لاکھوں لوگ اس درگاہ پر آتے ہیں۔ انہیں کئی چیلنجس کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی وجہ سے نئی پہل کی جارہی ہے۔ مرکزی وزیر نے غریب نواز ایپ اور درگاہ کے لئے خصوصی پورٹل لانچ کرنے کا اعلان کیا۔
یکم جنوری کو قاضی شہر مولانا توصیف احمد صدیقی اور ارکان کمیٹی نے بڑے پیر صاحب کی پہاڑی سے روایتی توپ داغ کر عرس کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔2جنوری کو مرکزی وزیر چراغ پاسوان‘ مسلم راشٹریہ منچ کے سرپرست اندریش کمار اور بالی ووڈ نمائندوں کی طرف سے چادر چڑھائی گئی تھی۔ جاریہ سال 813 واں عرس منایا جارہا ہے۔