نئی دہلی: مہینے کے پہلے دن یعنی یکم مارچ کوکمرشیل ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کیا گیا ہے۔ دہلی میں ایل پی جی سلنڈر 25 روپے مہنگا ہو گیا ہے، جبکہ ممبئی میں اس کی قیمتوں میں 26 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے مسلسل دوسرے ماہ 19 کلو کمرشل گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ پچھلے مہینے بجٹ والے دن یعنی یکم فروری 2024 کو اس میں 14 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔نئی قیمت کے مطابق، راجدھانی دہلی میں کمرشل سلنڈر 1795 روپے میں دستیاب ہوگا، وہیں کولکاتا میں یہ سلنڈر اب 1911 روپے کا ہو گیا ہے۔ ممبئی میں کمرشل سلنڈر کی قیمت بڑھ کر 1749 روپے ہو گئی ہے، جب کہ چنئی میں یہ بڑھ کر 1960.50 روپے ہو گئی ہے۔
قیمتوں میں سابقہ تبدیلی کے تحت دہلی میں 19 کلو کے کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت 1755.50 روپے سے بڑھا کر 1769.50 روپے کر دی گئی تھی۔ جبکہ کولکاتا میں اس کی قیمت 1869.00 روپے سے بڑھا کر 1887 روپے، ممبئی میں 1708 روپے سے بڑھا کر 1723 روپے اور چنئی میں 1924.50 روپے سے بڑھا کر 1937 روپے کر دی گئی تھی۔