کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے ہفتہ کو اسمبلی میں ریاست کو انتہائی غربت سے پاک کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ ریاست کی لیفٹ ڈیمو کریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) حکومت نے دعویٰ کیا کہ کیرالہ ایسا کر نے والا ہندوستان کا پہلا صوبہ ہے۔پنا رائی حکومت نے ریاست میں انتہائی غربت کو ختم کرنے کے لیے 2021 میں’ ایکسٹریم پاورٹی ایریڈیکیشن پروجیکٹ (ای پی اے پی) کا آغاز کیا تھا۔ اس کے تحت 64,006 خاندانوں کی شناخت کی گئی۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ ان خاندانوں کو 4 سالوں میں انتہائی غربت سے باہر نکال لیا گیا ہے۔
چین کے سفیرشوفیہانگ نے کیرالہ حکومت کو ریاست میں’ انتہائی غربت‘ ختم کرنے کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ غریبی ختم کرنا تمام انسانی معاشرے کا مشترکہ ہدف ہے۔ ہندوستان میں چین کے سفیر نے لکھا کہ کیرالہ کو انتہائی غربت کے خاتمے میں اس کی تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد۔ غربت کا خاتمہ انسانیت کا مشترکہ مشن ہے۔
اس دوران کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین نے چینی سفیر کے جواب پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیرالہ کا یہ سنگ میل حاصل کرنا سماجی انصاف اور انسانی وقار کے تئیں ہماری وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے’ایکس‘ پر لکھا کہ” کیرل پروی‘ کے موقع پر آپ کی پرتپاک نیک خواہشات کے لیے شکریہ ادا کرتا ہے۔ انتہائی غریبی ختم کرنے میں کامیابی ہمارے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ آپ کے حوصلہ افزا الفاظ کے لیے شکریہ“۔

















