رام پور: سابق وزیر اور سماج وادی پارٹی کے مقید سینئر لیڈر اعظم خان کےاحباب واقرباء کے گھروں پر جمعہ کو رام پور میں محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپہ ماری کی۔ رپورٹ کے مطابق انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم تقریباً 50 گاڑیوں میں دہلی سے رام پور پہنچی ہے۔ جو کئی مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم پہلے سماج وادی پارٹی لیڈر فرحت خان اور شاویز خان کے گھر پہنچی اور پھر دوسروں کے ٹھکانوں پر چھاپے ماری کی۔ مقامی رام پور پولیس بھی موقع پر امن و امان برقرار رکھنے میں مصروف ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ کارروائی اعظم خان کی جوہر یونیورسٹی سے وابستہ لوگوں کے خلاف کی جا رہی ہے۔ چند روز قبل انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے اعظم خان کے گھر اور احاطے پر چھاپے مارے تھے اور اب ان کے قریبی لوگوں پر محکمہ انکم ٹیکس چھاپے مار رہا ہے۔اعظم خان کو ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کے دو پیدائشی سرٹیفکیٹس کے معاملے میں سات سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس کیس میں ان کی اہلیہ تزئین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ کو بھی سات سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ تینوں اس وقت مختلف جیلوں میں بند ہیں۔ اعظم خان سیتا پور جیل میں ہیں، ان کا بیٹا ہردوئی جیل میں اور ان کی اہلیہ رام پور جیل میں ہیں۔