نئی دہلی: دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ معاملے میں عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان سنجے سنگھ کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ جمعہ کو دہلی راؤز ایونیو کورٹ نے ان کی عدالتی حراست میں 10 نومبر تک توسیع کر دی۔ واضح کہ سنجے سنگھ کو ای ڈی نے 4 اکتوبر کو گرفتار کیا تھا۔ عدالت میں سماعت سے قبل سنجے سنگھ نے کہا کہ مرکزی حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔
سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہونے سے پہلے، اے اے پی کے رکن پارلیمان نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے کہا، ‘اقتدار میں رہنے والوں کے خلاف لڑائی جاری رہے گی جب کہ عام آدمی پارٹی کے رہنما کا دعویٰ ہے کہ انہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کی سازش کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ اس سے قبل عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان نے دہلی میں مرکزی حکومت اور بی جے پی کے خلاف احتجاج کیا۔اس سے قبل انہیں 13 اکتوبر تک عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔ خصوصی جج ایم کے ناگپال نے سنگھ کو جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا جب تحقیقاتی ایجنسی نے انہیں ای ڈی کی حراست کی مدت ختم ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا تھا۔ 20 اکتوبر کو دہلی ہائی کورٹ نے سنجے سنگھ کے ریمانڈ اور گرفتاری کو چیلنج کرنے والی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ عام آدمی پارٹی کے رہنما نے پہلے ہائی کورٹ کو بتایا تھا کہ ان کی گرفتاری غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ہے۔