بارہ بنکی: بارہ بنکی میں پوروانچل ایکسپریس-وے پر ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک خراب کھڑی بس سے ایک منی بس بے قابو ہو کر متصادم ہو گئی، جس سے 4 لوگوں کی موت ہو گئی۔ حادثے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ منی بس عقیدت مندوں کو لے کر مہاراشتر سے ایودھیا کی طرف جا رہی تھی۔
‘آج تک’ کی خبر کے مطابق یہ حادثہ بارہ بنکی کے لونی کٹرا تھانہ علاقہ واقع پوروانچل ایکسپریس وے 21/7 پر ہوا۔ یہاں پر خراب کھڑی بس میں تیز رفتار سے آر رہی منی بس بے قابو ہوکر گھس گئی۔ منی بس میں 18 افراد سوار تھے، سبھی مہاراشٹر سے ایودھیا کی طرف جا رہے تھے۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ موقع پر ہی 4 لوگوں کی موت ہو گئی۔ جبکہ 6 زخمی افراد کو سی ایچ سی میں داخل کرایا گیا۔ حادثے کو لے کر بارہ بنکی کے ایس پی دنیش سنگھ نے بتایا کہ اتوار کی صبح پوروانچل ایکسپریس وے پر افسوسناک حادثہ ہوا ہے۔ اس میں 4 لوگوں کی موت ہو گئی۔فی الحال مہلوکین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ وہیں زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ لوگوں کی چیخ و پکار سے حادثے کے خوفناک منظر کا پتہ چلتا ہے۔