مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی آج خراب موسم کی وجہ سے حادثہ کا شکار ہوتے ہوتے بچ گئیں۔ منگل کے روز جلپائی گوڑی سے لوٹتے وقت ممتا بنرجی کا ہیلی کاپٹر آندھی اور بارش کی زد میں آ گیا۔ وزیر اعلیٰ منگل کی دوپہر جلپائی گوڑی کے کرانتی سے باگ ڈوگرا کے لیے روانہ ہوئی تھیں۔ اسی وقت تیز بارش شروع ہو گئی۔ پائلٹ نے فوراً ہیلی کاپٹر کو صاف آسمان کی طرف موڑ دیا، اور پھر کچھ ہی دیر میں ان کے ہیلی کاپٹر کی سیوک ایئربیس پر ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار سبھی افراد محفوظ ہیں۔
دراصل ممتا بنرجی منگل کے روز پنچایت انتخاب کی تشہیر کے لیے جلپائی گوڑی گئی تھیں۔ وہاں سے انھیں باگ ڈوگرا کے راستے کولکاتا لوٹنا تھا۔ لیکن اس سے پہلے وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کو بڑے مسئلہ کا سامنا کرنا پڑا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق وہ جلپائی گوڑی سے ہیلی کاپٹر سے روانہ ہوئی تھیں۔ بیکنٹھ پور جنگل کے اوپر سے ہیلی کاپٹر پرواز بھر رہا تھا اور ٹھیک اسی وقت تیز بارش ہونے لگی۔ وزیر اعلیٰ کا ہیلی کاپٹر زور زور سے ہچکولے کھانے لگا۔ آسمان میں چیزیں بھی بہت دھندلی دکھائی دینے لگیں۔ ایسے میں مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی جان کو جوکھم میں ڈالے بغیر سیوک ایئربیس پر ایمرجنسی لینڈنگ کو انجام دیا گیا۔ امید کی جا رہی ہے کہ اب وزیر اعلیٰ سیوک ایئرفورس بیس سے سڑک کے راستے واپس لوٹ جائیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جلپائی گوڑی میں انتخابی تشہیر سے خطاب کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا کولکاتا لوٹنے والی تھیں۔ کولکاتا میں ان کا استقبال دوپہر تقریباً تین بجے ہونا تھا، لیکن اب ایسا مانا جا رہا ہے کہ وہ سڑک کے راستے باگ ڈوگرا ایئرپورٹ جائیں گی۔ وہاں سے وہ کولکاتا کے لیے روانہ ہو سکتی ہیں۔ ترنمول کانگریس لیڈر راجیو بنرجی کا بھی یہی کہنا ہے کہ ممتا بنرجی سڑک کے راستے اپنی منزل (باگ ڈوگرا) کے لیے روانہ ہو سکتی ہیں۔