پریاگ راج: مہا کمبھ کے سب سے بڑے امرت اسنان پرو مونی اماوسیہ کے موقع پر آ رہے کروڑوں عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے حکومت کے ذریعہ وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں۔ تقریباً 12 کلومیٹر کے علاقے میں بنے سبھی 44 گھاٹوں پر اسنان کرانے کی تیاری ہے۔ گھاٹوں پر ایس ڈی ایم کے ساتھ سی او، تحصیل دار اور نائب تحصیل دار کو بھی لگایا گیا ہے۔
سنگم ساحل کے گھاٹوں کے ساتھ ہی ایراوت گھاٹ و اریل گھاٹ پر آئی اے ایس افسروں اور اے ڈی ایم و ایس ڈی ایم رینک کے پی سی ایس افسروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پریاگ راج سمیت اس کے آس پاس چاروں طرف واقع 10 ضلعوں کے ڈی ایم و ایس پی کو بھی لگا دیا گیا ہے۔
مہا کمبھ کے اس سب سے اہم ‘اسنان پرو’ کے موقع پر تقریباً 10 کروڑ عقیدت مندوں کے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس کے مطابق ہی سبھی انتظامات کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ دو دن پہلے سے ہی یہاں بھاڑی بھیڑ امڈنے لگی ہے۔ مہا کمبھ میلہ علاقے کے سبھی سنتوں اور کلپ واسیوں اور تنظیموں کے کیمپ بھر چکے ہیں۔ رین بسیروں میں بھی جگہ نہیں ہے۔ شہر کے ہوٹل سے لے کر میلہ علاقے میں بنائے گئے سرکاری و نجی ٹینٹ سٹی کا بھی یہی حال ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مونی اسنان کا مہا یوگ ویسے منگل کی رات 8 بجے کے قریب سے شروع ہو جائے گا مگر اکھاڑوں کا مہا اسنان بدھ کی صبح شروع ہوگا۔ اکھاڑا مارگ کو سیل کر دیا گیا ہے۔ اس امرت اسنان پتھ پر اکھاڑوں کے ہی سنت-مہاتما، ان کے شاگرد اور بھکت جا سکیں گے۔ اکھاڑوں کے لیے سنگم ساحل پر الگ سے اسنان گھاٹ بنا دیا گیا ہے جہاں عام عقیدت مند ڈبکی نہیں لگا سکیں گے۔ عام عقیدت مندوں کے لیے الگ سے گھاٹ بنایا گیا ہے۔
ایراوت سنگم گھاٹ بھی تیار کیا گیا ہے جہاں مشرقی اتر پردیش کے ضلعوں، بہار،اوڈیشہ، بنگال، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ شمال مشرقی ریاستوں کے عقیدت مند اسنان کر سکیں گے۔ مدھیہ پردیش، گجرات، راجستھان، مہاراشٹر سمیت جنوبی ہند کے عقیدت مندوں کے لیے خاص طور پر اریل میں اسنان گھاٹ بنائے گئے ہیں۔
مونی اماوسیہ اسنان پرو پر پریاگ راج شہر کے لوگوں سے چار پہیہ گاڑیوں کا استعمال نہ کرنے کی گزارش ڈی ایم پریاگ راج رویندر کمار ماندڑ نے کی ہے۔ ‘ایکس’ پر پوسٹ کرکے انہوں نے اپیل کی کہ پریاگ کے لوگ چار پہیہ گاڑیوں کا استعمال نہ کریں اور انتظامیہ کا تعاون کریں تاکہ جام کا مسئلہ پیدا نہ ہو سکے۔