اردن کے ولی عہد الحسین بن عبداللہ الثانی جمعرات کے روز سعودی شہری رجوہ آل سیف سے شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔
شادی کی تقریب دارالحکومت عَمّان کے قصر زہران میں منعقدہ ہوئی ہے۔اس میں امریکی خاتون اوّل جل بائیڈن، برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ اور قطر کی شیخہ موزہ بنت ناصر، بیلجیئم، اسپین، ڈنمارک، نیدرلینڈز اور جاپان کے شاہی خاندانوں کی شخصیات نے شرکت کی ہے۔اس کے بعد نیا شاہی جوڑا ایک خصوصی ’’سُرخ موٹر قافلے‘‘ میں دارالحکومت کی مرکزی شاہراہ سے الحسینیہ محل کے لیے روانہ ہوا۔ محل کے احاطے میں شاہ عبداللہ دوم کے دفاتر ہیں۔ نو بیاہتا جوڑے کو ایک فوجی بینڈ کے ساتھ لے جایا گیا اور دارالحکومت کی شاہراہوں سے گذارہ گیا تھا۔شہزادہ حسین اور رجوہ آل سیف کھلی چھت والی گاڑی میں کھڑے تھے اور سڑک کے کنارے موجود خیر خواہوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہاتھ ہلا رہے تھے۔