پٹنہ :آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے پٹنہ میں مرکز کی مودی حکومت پر آج زبردست حملہ کیا۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’مودی جی نے 10 سالوں میں ملک کو صرف چار چیزیں دی ہے: 1. غریبی، 2. مہنگائی، 3. بے روزگاری اور 4. جملے۔‘‘ تیجسوی نے مزید کہا کہ ’’10 سالوں کے بعد بھی ان کی اپنی کوئی حصولیابی شمار کرانے کے لیے ہے نہیں، اس لیے اب بھی اپوزیشن کو ہی گالیاں دے رہے ہیں۔تیجسوی یادو نے بہار میں مہاگٹھ بندھن حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے اقتدار میں رہنے کے دوران ہر شعبہ کو ترقی دینے کی سمت میں کام کیا۔ اقتدار میں رہتے ہوئے ہم نے لاکھوں نوجوانوں کو ملازمتیں دیں، تنخواہ میں اضافہ کیا۔ ذات پر مبنی مردم شماری بھی کرائی اور ریزرویشن کی حد کو بڑھایا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ بہار میں پہلی مرتبہ 50 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کے ایم او یو پر دستخط ہوا ہے۔ یہ ان کو جنگل راج نظر آ رہا ہے تو پھر میں کیا کر سکتا ہوں؟
تیجسوی یادو نے وزیر اعظم مودی اور بی جے پی لیڈران پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم لوگوں کو گالی دینے کے علاوہ انھوں نے آخر کیا ہی کیا ہے۔ جو وعدہ انھوں نے بہار کے لیے کیا تھا، کیا وہ 10 سال میں پورا ہوا؟ ان کے انتخابی منشور میں بہار کا تذکرہ کیوں نہیں ہے؟ وزیر اعظم نے صرف چار چیزیں- بے روزگاری، مہنگائی، غریبی اور جملے بازی دی ہے۔