نئی دہلی : مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کو ریاست کے اقلیتی طبقہ سے متحد رہنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی طرح کی تقسیم سے بی جے پی کو مضبوط ہونے میں مدد ملے گی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’بہت منفی تشہیر ہو رہی ہے۔ اس پر بالکل بھی یقین مت کیجیے۔ اگر آپ متحد نہیں ہوئے تو اس سے بی جے پی کو فائدہ ہوگا۔ اس لیے آج متحد رہنے سے متعلق حلف لینے کا دن ہے۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے یہ بات ایک موبائل پیغام میں کہی ہے۔ اس پیغام کو بدھ کی دوپہر ترنمول کانگریس کے اقلیتی سیل کی میٹنگ میں سنایا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بولتے ہوئے’کھیلا ہوبے‘ (کھیل ہوگا) والے ماحول کا بھی تذکرہ کیا۔ یہ جملہ ان کی پارٹی کے یوتھ وِنگ کے ذریعہ تیار کیا گیا تھا اور 2021 کے مغربی بنگال اسمبلی انتخاب سے قبل بہت مقبول ہوا تھا۔ اس ’کھیلا ہوبے‘ جملے کا استعمال کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’آپ متحد رہیں گے تو ایک بار پھر سے کھیلا ہوگا۔
اس دوران ممتا بنرجی نے بی جے پی پر مذہب کا نام لے کر لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام بھی عائد کیاب،انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ لوگوں کو بانٹنا چاہتی ہے، اس لیے ہمیں متحد رہ کر اس کی کوششوں کو ناکام کرنا ہے۔ ٹی ایم سی چیف نے کہا کہ ہم سبھی مذہبی مقامات کا احترام کرتے ہیں اور ہم ان مذہبی مقامات کے نام پر سیاست کرنے کے خلاف ہیں۔