نئی دہلی :حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق ممبر حافظ نوشاد احمد اعظمی نے وزارت حج کے ذریعہ حج 2023 کی بنائی ہوئی پالیسی پر ہی حج 2024 کرائے جانے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرنے پر سخت افسوس کا اظہار کیاہے ۔ایک پریس ریلیز کے مطابق نوشاد احمد اعظمی نے اس سلسلے میں آج ایک تفصیلی خط محکمہ کے سکریٹری کٹیکتھالا شری نواس سمیت کابینہ سکریٹری اور متعلقہ محکموں کے سکریٹری اور سبھی صوبائی حج کمیٹیوں کے چیئرمین وایگزیکٹیو افسران کو بھیجا ہے ۔ خط میں یہ درخواست کی گئی ہے کہ حج 2023 کی جو پالیسی تھی اس کے تحت حج 2023 پوری طرح ناکام اور مہنگا ہونے کے ساتھ ساتھ بے حد پریشان کن بھی رہا اس کے باوجود وزارت نے نہ تو اس سلسلے میں حج 2023 کے اختتام کے بعد کوئی جائزہ میٹنگ کی اور نہ ہی اسٹیٹ حج کمیٹیوں کے ساتھ اور متعلقہ محکموں کے ساتھ آل انڈیا حج کانفرنس ہوتی تھی وہ بھی نہیں کی گئی نیز سپریم کورٹ کی ہدایات کی خلاف ورزی کی گئی کیونکہ یہ پالیسی چار برس کیلئے بنائی گئ تھی اور ایک فرمان کی طرح 5 دن پہلے یہ پالیسی اور حج فارم جاری کردیا گیا۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ اگر اس پالیسی میں تبدیلی نہیں ہوئی توحج 2024 بھی اچھا اور مثالی حج نہیں ہوسکے گا انھوں نے خط میں عازمین حج کی سہولت کے مدنظر مثبت ترمیم کے لیے مشورے بھی دیے ۔انھوں نے کہا کہ رہائشی کیٹیگری کے لیے صرف عزیزیہ کیٹیگری رکھی گئی ہے حج 2022 میں کوڈ کی وجہ سے صرف 50 ہزار حاجی گئے تھے۔