الجزائر: الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے الجزائر کی جامع مسجد کا باضابطہ افتتاح کردیاہے جو دنیا کی تیسری اور افریقہ کی سب سے بڑی مسجد ہے۔اس وسیع وعریض مسجد میں ایک لاکھ 20 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔ اسے پہلی مرتبہ اکتوبر 2020 میں نماز کیلئے کھولا گیا تھا لیکن صدرعبدالمجید تبون کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکے تھے،گذشتہ اتوار کو صدر عبدالمجید تبون کے ہاتھوں باضابطہ افتتاح ہوا۔
مقامی طور پر جامع الجزائر کے نام سے معروف یہ جدید انفراسٹرکچر تقریبا 70 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے تاہم یہ رقبہ سعودی عرب میں مقدس ترین مقامات مکہ اور مدینہ منورہ کی مساجد سے کم ہے۔اس مسجد میں دنیا کا بلند ترین مینار بھی ہے جس کی اونچائی 267 میٹر ہے۔ مینار میں لفٹس اور دیکھنے کیلئے ایک پلیٹ فارم نصب ہے جہاں سے دارالحکومت اور خلیج الجزائر کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔مسجد کے اندرونی حصے کو اندلس کے انداز میں لکڑی، سنگ مرمر اوردیگر قیمتی اشیا سے سجایا گیا ہے۔اس میگا پروجیکٹ کی لاگت 800 ملین ڈالر سے زیادہ ہے اور اس کی تعمیر میں سات برس لگے۔