پٹنہ : گزشتہ تین دنوں سے وزیر اعلیٰ نتیش کمارسکریٹریٹ کا اچانک دورہ کر رہے ہیں جس کے نتائج اب سامنے آنے لگے ہیں۔ وزراء اور افسران وقت پر دفتر پہنچ کر فائلوں کو نمٹا رہے ہیں۔ آج جمعہ کو بھی ایسی ہی تصویر دیکھنے کو ملی۔ آج جمعہ کو تمام وزرا وقت پر اپنے اپنے چیمبر پہنچ گئے۔ تمام وزرا صبح 9:30 بجے سے ہی چیمبر میں موجود تھے۔ سکریٹریٹ میں پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کی وزیر انیتا دیوی اوردرج فہرست ذات و قبائل کے وزیر رتنیش ساڈا اپنے اپنے چیمبر میں نظر آئے ۔
سکریٹریٹ میں ہی سماجی بہبود کے وزیر مدن ساہنی کو بھی ساڑھے نو بجے دفتر میں موجود دیکھا گیا۔ یہاں وزیر خزانہ وجے چودھری بھی چیمبر میں موجود تھے۔ دیہی ترقی کے وزیر شراون کمار کو صبح 9:30 بجے سے پہلے اپنے چیمبر میں دفتر میں بیٹھ کر کام مکمل کرتے دیکھا گیا۔ تاہم وزیر اعلیٰ نتیش کمار آج سکریٹریٹ نہیں پہنچے۔ وہ صبح ساڑھے 9 بجے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پہنچے اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ سے نکل کر پٹیل بھون پہنچے، وہ پہلی بار عمارت میں اچانک پہونچے تھے۔ تاہم پٹیل بھون کے اہلکار اور پولیس اہلکار پہلے سے ہی تیار تھے۔ پچھلے دو دنوں سے ہی ایسا سمجھا جا رہا تھا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار پٹیل بھون پہنچ کر حالات کا جائزہ لیں گے۔