نئی دہلی : ملک کے کئی حصوں میں مانسون کی آمد ہو چکی ہے۔ کیرالہ میں ہفتہ کو مانسون کی زوردار بارش دیکھنے کو ملی۔ بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر حالات کافی خراب ہو گئے۔ اس کے ٹھیک ایک دن بعد مانسون مہاراشٹر بھی پہنچا جہاں موسلا دھار بارش ہوئی۔ اتوار اور پیر کی رات ممبئی میں بھاری بارش کی وجہ سے عام زندگی پوری طرح سے درہم برہم ہوگئی۔ وہیں ہفتہ کی دیر رات راجدھانی دہلی سمیت قریبی علاقوں میں آندھی کے ساتھ تیز بارش سے مختلف مقامات پر پیڑ اکھڑنے، آبی جماؤ اور کئی انڈر پاس میں گاڑیوں کے ڈوبنے کے نظارے دیکھنے کو ملے۔
ممبئی میں ہوئی مانسون کی شدید بارش سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے اور سڑکوں پر جام کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔ مانسون سے پہلے ہی ہوئی زوردار بارش نے شہر کی تیاریوں کی ایک طرح سے پول کھول دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ممبئی اور مہاراشٹر کے دیگر حصوں کے لیے شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اگلے کچھ گھنٹوں میں بارش مزید رفتار پکڑ سکتی ہے۔
کیرالہ میں شدید بارش کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے پانچ ضلعوں میں اسکولوں میں چھٹی کر دی گئی ہے۔ آئی ایم ڈی نے کیرالہ اور کرناٹک میں بارش کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ کیرالہ میں 26 اور کرناٹک میں 25 سے 27 مئی کے درمیان شدید بارش کا امکان ہے۔ وہیں محکمہ موسمیات نے مہاراشٹر، گجرات اور مراٹھواڑہ میں بھی پیر کو بادلوں کی گڑگڑاہٹ کے ساتھ آندھی طوفان اور بارش کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔