نئی دہلی: گیانیش کمار نے بدھ کے روز ہندوستان کے چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کا عہدہ سنبھال لیا۔ اپنے عہدے کا چارج لینے کے بعد، انہوں نے نوجوان ووٹروں سے خاص اپیل کی کہ وہ جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے کہا، ’’قوم کی تعمیر کی پہلی سیڑھی ووٹ ڈالنا ہے۔ جو بھی 18 سال کی عمر کو پہنچ چکا ہے، اسے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا چاہیے۔ ہندوستان کا الیکشن کمیشن ہمیشہ سے ووٹرز کے ساتھ تھا اور ہمیشہ رہے گا۔‘‘
واضح رہے کہ 17 فروری کو حکومت نے گیانیش کمار کو نیا چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا تھا۔ اس تقرری کا اعلان وزارت قانون کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے کیا گیا تھا۔وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں تشکیل دی گئی سلیکشن کمیٹی نے دہلی میں ایک میٹنگ کے بعد گیانیش کمار کو چیف الیکشن کمشنر منتخب کیا۔ اس فیصلے کے بعد، ہریانہ کے چیف سیکریٹری ڈاکٹر وِویک جوشی کو الیکشن کمشنر کے طور پر نامزد کیا گیا۔گیانیش کمار 1988 کے بیچ کے کیرالہ کیڈر کے ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر ہیں۔ وہ راجیو کمار کی قیادت میں تین رکنی الیکشن کمیشن کے سب سے سینئر رکن تھے۔ کمیشن کے دوسرے رکن اتراکھنڈ کیڈر کے آئی اے ایس افسر سکھبیر سنگھ سندھو ہیں، جو اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
گیانیش کمار نے مختلف اہم سرکاری عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ وہ اس سے قبل پارلیمانی امور اور کوآپریٹو امور کی وزارتوں میں سیکریٹری کے طور پر تعینات رہ چکے ہیں۔ وزارت داخلہ میں اپنے دور کے دوران، انہوں نے جموں و کشمیر امور کے انچارج کے طور پر اہم ذمہ داریاں سنبھالیں۔ جب 2019 میں آرٹیکل 370 کو ختم کیا گیا تھا، تو وہ اس وقت وزارت داخلہ میں جموں و کشمیر ڈیسک کے سربراہ تھے۔
گیانیش کمار نے رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کی تشکیل میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ علاوہ ازیں، انہوں نے کیرالہ میں مختلف عہدوں پر بھی خدمات انجام دیں، جن میں ایرناکولم کے ضلع مجسٹریٹ اور کیرالہ اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے شامل ہیں۔تعلیمی پس منظر کے لحاظ سے، گیانیش کمار نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کانپور سے سول انجینئرنگ میں بی ٹیک کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے آئی سی ایف اے آئی سے بزنس فنانس اور ہارورڈ یونیورسٹی سے ماحولیاتی اقتصادیات کی تعلیم بھی مکمل کی۔گیانیش کمار نے 15 مارچ 2024 کو الیکشن کمشنر کے طور پر اپنی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ اس وقت انہیں اور سکھبیر سنگھ سندھو کو الیکشن کمیشن کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ اب وہ کمیشن کے سربراہ کے طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔