نئی دہلی :دہلی کے آنند وہار میں پیر کی دیر رات ایک دردناک حادثہ پیش آیا۔ یہاں ایک مزدوروں کے ٹنٹ میں آگ لگنے کی وجہ سے تین لوگوں کی زندہ جل کر موت ہو گئی۔ تینوں مہلوکین اتر پردیش کے باندا اور اوریا کے رہنے والے تھے اور یہاں آئی جی ایل میں کیزوئل مزدور کے طور پر کام کر رہے تھے۔آنند وِہار پولیس اسٹیشن میں دیر رات 2:42 بجے منگلم روڈ واقع جھگی میں آگ لگنے کی اطلاع دی گئی۔ روٹری کلب آفس اور نالے کے بغل میں ڈی ڈی اے پلاٹ پر آئی جی ایل کے 4 ملازمین ٹنٹ میں رہتے تھے۔ رات میں قریب 11 بجے 30 سال کے جگی (باندا)، 40 سالہ شیام سنگھ (اوریا)، 37 سالہ کانتا پرساد (اوریا) اور کیلاش سنگھ (غازی آباد) ٹنٹ میں سو گئے تھے۔ ٹنٹ کی روشنی کے لیے وہ ڈیزل والی ڈبیا جلاتے تھے اور اسے کولر اسٹینڈ پر رکھ دیتے تھے۔ ٹنٹ میں ایک عارضی گیٹ تھا جسے وہ بلاک کر دیتے تھے۔
حادثے میں زندہ بچے نتن سنگھ نے کہا کہ شیام سنگھ نے رات دو بجے ٹنٹ میں آگ دیکھی۔ شیام سنگھ نے ہی اسے جگایا۔ شیام سنگھ نے لاک کھول کر نکلنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوا۔ نتن کا کہنا ہے کہ وہ ٹنٹ سے نکلنے میں کامیاب رہا، لیکن باقی لوگ نہیں نکل سکے۔ جگی، شیام سنگھ اور کانتا کی ٹنٹ میں ہی جل کر موت ہو گئی۔ نتن سنگھ معمولی طور پر آگ کی زد میں آئے۔ آگ لگنے سے ایک گیس سلنڈر میں بھی دھماکہ ہو گیا۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔کرائم اور ایف ایس ایل ٹیم نے موقع پر جا کر جانچ کی۔ مہلوکین کی لاش کو اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس پورے معاملے کی جانچ میں لگ گئی ہے۔