قاہرہ: مصر میں ایک بد بخت لڑکی کی جانب سے اپنے والد کو جوتا مارنے اور اس پر تشدد کرنے کے واقعہ میں عدالت کی طرف سے سزا سنائے جانے کے بعد لڑکی کے والد نے اسے معاف کردیا جس کے بعد لڑکی کو بری کردیا گیا ہے۔یہ ایک ایسے عجیب کیس ہے جسے سننے والوں کی آنکھوں سے بھی آنسو آگئے۔یہ واقعہ مصر کی امبابہ گورنری میں پیش آیا۔ اسی گورنری کی مجسٹریٹ عدالت نے والد سے بدسلوکی کرنے والی لڑکی کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی تاہم والد نے پدرانہ شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیٹی کو یہ کہہ کر معاف کردیا کہ سزا کی وجہ سے بیٹی کا مستقبل خراب ہوگا۔ والد نے فاضل جج سے درخواست کی کہ اس کی بیٹی کی سزا معاف کردی جائے۔امبابہ گورنری کی پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں سزا پانے والی لڑکی کی چھوٹی بہن نے شکایت کی تھی کہ اس کی بڑی ہمشیرہ نے والد پر تشدد کیا اور اسے جوتے سے مارا پیٹا اور بدز بانی کی۔