سری نگر :جموں و کشمیر میں انڈیا اتحاد کو ایک اور بڑا جھٹکا لگا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر کی سبھی 5 لوک سبھا سیٹوں پر اکیلے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق فاروق عبداللہ نے کہا کہ پارٹی تمام سیٹوں پر تنہا لڑے گی۔ ممتا بنرجی کے بعد فاروق عبداللہ نے بھی اکیلے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
فاروق عبداللہ نے اپنے فیصلے سے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ فاروق عبداللہ کو انڈیا الائنس کا سب سے قابل اعتماد پارٹنر سمجھا جاتا تھا ، لیکن ان کی پارٹی نے تنہا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ انڈیا اتحاد کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ بہار کے نتیش کمار پہلے ہی انڈیا اتحاد سے خود کو الگ کرکے این ڈی اے میں شامل ہوچکے ہیں اور بی جے پی کے ساتھ مل کر بہار میں حکومت بنا چکے ہیں۔