ممبئی : ہندی سنیما کے معروف اداکار دھرمیندر انتقال کر گئے۔ انہوں نے 89 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ دھرمیندر جو کافی عرصے سے بیمار تھے، سانس لینے میں دشواری کا سامنا کر رہے تھے اور ان کی صحت بگڑ رہی تھی۔ انہیں معمول کے چیک اپ اور علاج کے لیے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ا س خبر نے نہ صرف بالی ووڈ کی دنیا کو سوگوار کیا بلکہ برِصغیر کے کروڑوں دلوں میں ایک خلا پیدا کر دیا، ایسا خلا جو شاید کبھی پُر نہ ہو سکے۔
دھرمیندر کو ان کی دل کش شخصیت، مردانہ وجاہت، بے ساختہ اداکاری اور انسان دوستی نے عوام کے دل میں ایک خاص مقام عطا کیا تھا۔ ان کی یہ دل کش شخصیت ہی تھی کہ لاکھوں لڑکیاں اپنی کتابوں میں ان کی تصویر رکھتی تھیں۔ پنجاب کے ایک چھوٹے سے قصبے نسرالی سے نکل کر ممبئی کی چمکتی دنیا تک کا سفر آسان نہ تھا، مگر دھرمیندر کی سادگی، محنت اور اخلاص نے انہیں وہ مقام دلایا جس کا خواب ہر فنکار دیکھتا ہے۔ جب وہ پہلی بار پردۂ سیمیں پر نمودار ہوئے تو ناظرین نے فوراً پہچان لیا کہ یہ صرف ایک اور ہیرو نہیں بلکہ مستقبل کا ایک ناقابلِ فراموش فنکار ہے۔
پردۂ سیمیں سے ہٹ کر بھی دھرمیندر اپنی شرافت، محبت اور انسان دوستی کی وجہ سے جانے جاتے تھے۔ فلمی دنیا میں اُن کے ہزاروں دوست تھے اور شاید ہی کوئی شخص ایسا ہو جو اُن کے اخلاق اور نرم مزاجی کا معترف نہ ہو۔ وہ اپنے ساتھی فنکاروں اور نو آموز اداکاروں کے لیے ہمیشہ رہنمائی کا چراغ بنے رہتے تھے۔ بے شمار لوگ بتاتے ہیں کہ دھرمیندر نے کتنی خاموشی سے، بغیر کسی تشہیر کے، ان کی مدد کی۔ وہ سادگی کے پیکر تھے، فلمی دنیا کی چمک دمک بھی اُن کے اندر کے دیہاتی معصوم پن کو ختم نہ کر سکی۔
















