ممبئی :مشہور خاتون صحافی سجاتاآنندن کا گزشتہ شب دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا،وہ 65برس کی تھیں، سجاتاآنندن گزشتہ کئی سالوں سے نیشنل ہیرالڈ کی مشاورتی مدیر تھیں۔آخر وقت تک وہ کام کرتی رہیں۔ گزشتہ دنوں طبیعت خراب ہونے پر وہ اسپتال میں داخل ہوئی تھیں، لیکن وہاں سے بھی وہ لگاتار کام کرتی رہیں۔
سجاتا آنندن نے یو این آئی، دی انڈین ایکسپریس، ہندوستان ٹائمز، آؤٹ لک اور نیشنل ہیرالڈ میں مستقل کام کیا۔ ہر جگہ انھوں نے اپنی ایک الگ شناخت قائم کی۔ ان کے مدیر یاد کرتے ہیں کہ وہ ایک ایسی ’ساؤتھ ممبئی‘ جرنلسٹ تھیں جو سماجی معاملات کے لیے ہمیشہ تیار کھڑی رہیں اور ترقی پذیر اصولوں کی حامی رہیں۔ اس کے علاوہ سجاتا فٹ پاتھ اور جھگیوں میں رہنے والوں کے حقوق کے لیے بھی جدوجہد کرتی رہیں۔
سجاتا آنندن ایک اعلانیہ اور فخر آمیز سیکولر تھیں، اور انہیں کھل کر کہنے میں انھیں کبھی کوئی جھجک نہیں ہوئی۔ وہ کسی بھی قسم کی کٹرپسندی کی سخت مخالف رہیں اور اس تعلق سے ہمیشہ آواز اٹھاتی رہیں۔ انھوں نے گزشتہ دنوں ہی لکھا تھا کہ وہ ایک ہندو ہیں، لیکن وہ ایسے رام مندر میں کبھی پوجا نہیں کریں گی جس کی بنیاد میں خون ملا ہو۔