میرٹھ: میرٹھ کے لوہیا نگر علاقے میں غیر قانونی طور پر چلنے والی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ کی وجہ سے چار مزدورہلاک ہوگئے جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ ضلع مجسٹریٹ دیپک مینا نے یو این آئی کو بتایا کہ لوہیا نگر میں ایک بند مکان میں غیر قانونی طور پر پٹاخے کی فیکٹری چلائی جا رہی تھی۔ آج صبح اچانک زور دار دھماکے کے بعد مکان کا بالائی حصہ گر گیا اور آگ لگ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں دو مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دو دیگر نے اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے ایک اور شخص کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ اس دوران راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف جے پی سی ڈرائیور ملبہ کا ایک حصہ اس پر گرنے سے زخمی ہو گیا ہے۔ متوفی کی شناخت کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریبی گھروں اور ایک اسکول کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جس سے افراتفری مچ گئی۔ اس کے علاوہ قریب سے گزرنے والی 33 ہزار ہائی وولٹیج بجلی کی لائنوں کے کھمبے بھی ٹیڑھے ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ مکان سنجے گپتا کا تھا اور گورو تیاگی نامی شخص نے اسے کرائے پر لیا تھا۔ موقع سے بڑی تعداد میں پٹاخے برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔