انتخابی کمیشن نے سبھی سیاسی پارٹیوں کو ریمائنڈر بھیج کر کل شام یعنی بدھ، 15 نومبر 2023 کی شام 5 بجے تک الیکٹورل بانڈ سے ملے انتخابی چندے کی تفصیل جمع کرنے کو کہا ہے۔ توجہ طلب ہے کہ سپریم کورٹ نے 3 نومبر کو الیکٹورل بانڈ کے معاملے کی سماعت کے دوران انتخابی کمیشن کو ہدایت دی تھی کہ وہ دو ہفتہ میں اس بانڈ سے سیاسی پارٹیوں کو ملے چندے کا تازہ ڈاٹا عدالت میں پیش کرے۔ انتخابی کمیشن کا ریمائنڈر سپریم کورٹ کے اسی حکم کے بعد آیا ہے۔سپریم کورٹ نے انتخابی کمیشن سے کہا تھا کہ وہ آئندہ سماعت میں سیاسی پارٹیوں کو 30 ستمبر 2023 تک ملے سیاسی چندے کی تفصیل عدالت کو سیل بند لفافے میں مہیا کرائے۔ انتخابی کمیشن نے سبھی سیاسی پارٹیوں کے سربراہان کو لکھے خط میں ان سے ہر بانڈ کے ساتھ چندہ دینے والے کی تفصیلی جانکاری، ایسے ہر بانڈ کی رقم اور دیگر جانکاری جمع کرنے کو کہا ہے۔ انتخابی کمیشن کے خط میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی جانکاری دوہرے سیل بند لفافے میں الیکٹورل اخراجات محکمہ کے سکریٹری کو بھیجی جانی چاہیے جس میں ایک سیل بند لفافے میں ساری جانکاری اور دوسرے سیل بند لفافے میں پہلا لفافہ ہو۔ کمیشن نے کہا ہے کہ اس تک سیل بند لفافے 15 نومبر کی شام تک پہنچ جانے چاہئیں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ لفافوں پر واضح طور پر ’رازداری-الیکٹورل بانڈ‘ لکھا ہونا چاہیےغور طلب ہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ ججوں کی آئینی بنچ الیکٹورل بانڈ منصوبہ کے جواز کو چیلنج دینے والی عرضیوں پر سماعت کر رہا ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے 3 نومبر کو ایک عبوری حکم میں انتخابی کمیشن کو اَپڈیٹیڈ ڈاٹا پیش کرنے کے لیے دو ہفتہ کا وقت دیا تھا۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت والی آئینی بنچ نے تین دن کی سماعت کے بعد اس معاملے میں اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔