نئی دہلی: ہندوستان نے کینیڈین شہریوں کیلئے ای ویزا سروس بحال کر دی ہے۔کینیڈا میں ہندوستانی ہائی کمیشن میں سفارت کاروں کے سیکورٹی بحران کی وجہ سے ہندوستان کو 21 ستمبر سے کینیڈین شہریوں کو ویزا جاری کرنا بند کرنا پڑا تھا۔ای ویزا سرویس دوبارہ شروع ہونے کے بعد کینیڈا کے شہری ہندوستان کا سفر کر سکیں گے ۔
گذشتہ ستمبر میں جی۔20 سربراہی اجلاس کے بعد کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنی پارلیمنٹ میں ہندوستانی حکومت پر خالصتانی دہشت گرد ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں طور پر بگاڑ آیا۔ ساتھ ہی ہندوستانی سفارتکاروں کو دھمکیاں دینے اور ان پر حملے کی کوششیں کی گئیں۔