پریاگ راج میں مونی اماوسیہ پر بھیڑ کو دیکھتے ہوئے ریلوے نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ریلوے نے پریاگ راج کے مختلف اسٹیشنوں سے آج 360 سے زیادہ ٹرینیں چلانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ وہیں مہاکمبھ میلہ میں بھگدڑ کے بعد پریاگ راج آنے والی خصوصی ٹرینوں کو جگہ جگہ روک دیا گیا ہے تاکہ میلہ علاقے میں بھیڑ اور زیادہ نہ بڑھے۔ اس درمیان پنڈت دین دیال جنکشن پر پریاگ راج جانے والے عقیدت مندوں کی کثیر تعداد موجود ہے۔ ویسے ریلوے نے چندولی جنکشن سے چلنے والی کمبھ میلہ اسپیشل ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی ہے۔
ساتھ ہی یوپی اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے بھی ریاست کے مختلف ضلعوں سے جانے والی بسوں کو سرحدوں پر ہی روک دیا ہے۔ پریاگ راج کے لیے فی الحال بسوں کی آمد و رفت ابھی نہیں کی جا رہی ہے۔ عالم باغ بس اسٹیشن پر بھی پریاگ راج جانے والی بسیں روک دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ جو بسیں لکھنؤ سے پریاگ راج کے لیے روانہ کی گئی تھیں انہیں بھی رائے بریلی اور بچھراواں میں روک دیا گیا ہے۔ پریاگ راج میں پارکنگ فُل ہو گئی ہے اس وجہ سے وہاں پر بسوں کے کھڑے ہونے کی جگہ ہی نہیں بچی ہے۔ اس وجہ سے روڈ ویز نے اب پریاگ راج کے لیے سینکڑوں بسوں کی آمد و رفت فی الحال بند کر دی ہے۔