نئی دہلی: ہندوستان کو نیا نائب صدر مل گیا ہے۔ سی پی رادھاکرشنن نے آج ملک کے 15ویں نائب صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سمیت مرکزی کابینہ کے متعدد اہم اراکین اور بی جے پی کے سرکردہ رہنما موجود تھے۔
رادھاکرشنن نے اس سے قبل منگل کو منعقدہ انتخاب میں شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے اپوزیشن کے امیدوار اور سپریم کورٹ کے سابق جج بی سدرشن ریڈی کو 152 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی۔ کل ڈالے گئے 767 ووٹوں میں سے رادھا کرشنن کو 452 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ ریڈی کو صرف 300 ووٹ ملے۔ ان کے بھاری فرق سے کامیاب ہونے کو این ڈی اے کے لیے ایک بڑی سیاسی فتح قرار دیا جا رہا ہے۔
آج ہونے والی تقریب حلف برداری میں نہ صرف حکومت کے اعلیٰ نمائندے بلکہ سابق نائب صدور کی موجودگی نے تقریب کو مزید اہمیت بخشی۔ سابق نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، ایم وینکیا نائیڈو اور حامد انصاری تقریب میں شریک ہوئے۔ سب کی نظریں خاص طور پر جگدیپ دھنکھڑ پر مرکوز تھیں، کیونکہ نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد یہ ان کی پہلی عوامی موجودگی تھی۔ دھنکھڑ پہلی قطار میں وینکیا نائیڈو کے ساتھ بیٹھے نظر آئے۔
تقریب میں شامل وزرا اور رہنماؤں نے رادھاکرشنن کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس موقع پر کہا کہ رادھاکرشنن کا وسیع تجربہ اور عوامی خدمات کا ریکارڈ جمہوری اداروں کو مزید مستحکم کرے گا۔ وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی ان کی کامیابی کو ملک کے لیے خوش آئند قرار دیا۔