نئی دہلی : راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے لیڈر جینت چودھری نے بھی اپنے رخ کو واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 31 اگست اور یکم ستمبر کو ممبئی میں ہونے والی میٹنگ اپوزیشن اتحاد’اِنڈیا‘ کی میٹنگ میں حصہ لیں گے۔
دراصل جینت چودھری حال ہی میں دہلی سروسز بل پر راجیہ سبھا میں ووٹنگ میں شامل نہیں ہوئے تھے۔ اس کے بعد قیاس آرائیاں ہونے لگی تھیں کہ جینت چودھری اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ اتنا ہی نہیں، آر ایل ڈی کے سبھی اراکین اسمبلی کی وزیر اعلیٰ یوگی کے ساتھ ہوئی میٹنگ کی ایک تصویر نے بھی ان قیاس آرائیوں کو مزید ہوا دی تھی کہ آر ایل ڈی اور بی جے پی کے درمیان کوئی کھچڑی پک رہی ہے۔
اس درمیان جینت چودھری کے قریبی ذرائع نے جانکاری دی ہے کہ وہ اپنی بیوی کی خراب صحت کے سبب راجیہ سبھا میں دہلی سروسز بل پر ووٹنگ کے دوران موجود نہیں ہو سکے تھے۔ اب جینت چودھری نے بھی واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ وہ یقینی طور پر ممبئی میں اِنڈیا کی میٹنگ میں حصہ لیں گے۔ اس سے قبل پٹنہ میں ہوئی اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ میں جاٹ لیڈر جینت چودھری شامل نہیں ہوئے تھے، لیکن انھوں نے بنگلورو میں ہوئی میٹنگ میں حصہ لیا تھا۔