پٹنہ(ت ن س)وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں 1 انے مارگ پر واقع ’’سنکلپ‘‘ میں ’’چیف منسٹر ریلیف فنڈ بورڈ آف ٹرسٹیز ‘‘ کی 22ویں میٹنگ اختتام پزیر ہوئی۔ چیف منسٹر ریلیف فنڈ بورڈ آف ٹرسٹیز کی میٹنگ میں وزیراعلی ریلیف فنڈ سے متعلق مختلف نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعلیٰ کی جانب سے متعلقہ افسران کو گفتگو کے دوران ضروری ہدایات دی گئیں۔میٹنگ کے دوران وزیراعلی کے سکریٹری جناب انوپم کمار نے بورڈ آف ٹرسٹیز کی 21ویں میٹنگ کی کارروائی کی تعمیل کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ ہر نکتے پر کارروائی کی گئی ہے۔ وزیراعلی ریلیف فنڈ کے کھاتے میں موصول ہونے والی رقم تقسیم کی گئی۔اور بقایہ رقم کی رپورٹ جمع کرائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ 10 اضلاع میں 100 سیلاب راحت کیمپ کی تعمیر کے لیے اب تک 64 کروڑ 57 لاکھ 26 ہزار 582 روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔ 58 فلڈ شیلٹرز کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی آفت کی صورت میں وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ سے لوگوں کی مدد کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف کاموں میں لوگوں کی مدد کی جاتی ہے۔ اس سے لوگوں کو بہت مدد ملتی ہے۔ کورونا وائرس سے موت کی صورت میں مرنے والوں کے لواحقین کو وزیراعلی ریلیف فنڈ سے 4 لاکھ روپے کی رقم دی گئی۔وزیراعلی ریلیف فنڈ کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب ریلیف کیمپوں میں سیلاب زدگان کو 600 روپے فی کس کے حساب سے برتن، کپڑوں وغیرہ کی مد میں امداد دی جاتی ہے، اب اسے بڑھا کر 1000 روپے کر دیا جائے۔ سیلاب کے دوران سیلاب راحت کیمپ میں لڑکی کی پیدائش پر پندرہ ہزار روپے اور لڑکے کی پیدائش پر دس ہزار روپے دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ سیلاب کبمپ کی تعمیر کا کام جلد مکمل کریں۔میٹنگ میں آفات مینجمنٹ کے وزیر شاہنواز، وزیر اعلی کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری عامر سبحانی، ڈی جی پی مسٹر آر ایس بھٹی، ایڈیشنل چیف سکریٹری، صحت پرتیہ امرت، ایڈیشنل چیف سکریٹری فنانس و کابینہ سکریٹریٹ ڈاکٹر ایس سدھارتھ، ایڈیشنل چیف سکریٹری تعلیم دیپک کمار سنگھ، گورنر کے پرنسپل سکریٹری مسٹر آر ایل ۔چونگتھو، سکریٹری آفات مینجمنٹ سنجے کمار اگروال اور وزیراعلی کے سکریٹری انوپم کمارموجود تھے۔