پٹنہ (ت ن س)ریاست کے نائب وزیراعلیٰ اور وزیرتعمیرات سڑک تیجسوی پرساد یادو نے کہاہے کہ اگوانی -سلطان گنج مہاسیتو وزیراعلیٰ نتیش کمار ڈریم پروجیکٹ ہے اور مقررہ مدت کے اندرہی نئے سرے سے پل کی تعمیر کرائی جائیگی۔ تیجسوی یادونے کہاکہ پل کے منہدم ہونے کے معاملے میں جو بھی قصوروارپائے جائیں گے ان کیخلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔ انہوں نے بتایاکہ پل کی تعمیرپر خرچ کی گئی رقم ہرجانہ کے طورپر کنٹریکٹ ٹھیکیدارسے وصول کی جائیگی۔ انہوں نے بتایاکہ معاملے کی جانچ ہورہی ہے۔ آئی آئی ٹی روڑکی کی ٹیم پہلے سے ہی اس پل کی جانچ کررہی ہے۔ تیجسوی یادونے مزید کہاکہ اب سی بی آئی والے انجینئرتو نہیں ہے ، انہوں نے کہاکہ پل تعمیرکرنے والی کمپنی ایس پی سنگلاکو ریاستی حکومت نے وجہ بتائو نوٹس جاری کردیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کی طرف سے جواب ملنے کے بعد قصورواروں کوکسی بھی قیمت پر بخشانہیں جائے گا۔ انہوں نے واضح طورسے کہاکہ پل کی تعمیرپراب تک جو بھی رقم خرچ کی گئی ہے اس کا بوجھ ریاستی حکومت پر آنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بدعنوانی کے ساتھ کسی بھی قیمت پر سمجھوتا نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ جیسے ہی یہ حادثہ پیش آیا وزیراعلیٰ نتیش کمارنے خود اس کی فوری نوٹس لی اور میٹنگ کرکے حالات سے واقفیت حاصل کی۔ انہوں نے بھی یہ واضح کردیاکہ حکومت بدعنوانی کے ساتھ کوئی سمجھوتا نہیں کرے ۔ حکومت اس بات کیلئے پابندعہد ہے کہ پل کا تعمیراتی کام معیاری طریقے سے مکمل کرایاجائیگا۔