نئی دہلی:شمالی ہندوستان میں مسلسل سرد لہر اور کہرے کا سلسلہ ابھی جاری رہے گا اور لوگوں کو آئندہ 4 سے 5 دنوں تک سردی اور کہرے سے راحت نہیں ملے گی۔ اس کا سب سے زیادہ اثر ٹرین اور ہوائی خدمات پر پڑے گا۔واضح ہوکہ کہرے کی وجہ سے دہلی سمیت کئی ہوائی اڈوں سے پروازیں متاثر ہورہی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹرینیں کافی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ دہلی سے تقریبا 30 ٹرینوں کے تاخیر سے چلنے کی خبر ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کہرے اور سردی کی لہر کا اثر شمال مشرقی ریاستوں میں زیادہ ہوگا، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم سرد رہنے کی امید ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ19 جنوری 2024کو ملک کی راجدھانی دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 7.1 ڈگری سیلسیس درج کیا ہے جو موسمی اوسط سے ایک ڈگری کم ہے۔ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ماہر موسمیات سوما سین کے مطابق شمال مغربی علاقے میں بحرِ عرب سے نم ہوائی اٹھیں گی جو ہفتے بھر تک اٹھتی رہیں گی۔ دوسری جانب ہمالیائی علاقوں میں برف باری جاری رہے گی جو میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا سبب بنے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ دہلی، ہریانہ، پنجاب، یوپی کے شمالی علاقوں میں سردی کافی بڑھ سکتی ہے۔