نئی دہلی:آپریشن سندور کے دوران پیدہ شدہ حالات کے درمیان تینوں افواج یعنی بری، بحری اور فضائیہ کے سربراہان نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے کے لیے پہنچے۔ اس اہم اجلاس کا انعقاد وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ہو رہا ہے، جس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل انیل چوہان بھی شریک ہیں۔ اس سے قبل وزیر اعظم مودی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال کے ساتھ بھی ایک علیحدہ میٹنگ کر چکے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے جمعہ کی شب جموں و کشمیر، پنجاب، راجستھان اور گجرات کے 26 مقامات پر ڈرون حملوں کے بعد ہندوستان نے سخت جواب دیا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ پنجاب کے فیروز پور میں ایک مسلح ڈرون حملے میں تین شہری زخمی ہوئے۔ ہفتہ کی صبح جموں و کشمیر کے کئی شہروں بشمول سری نگر، جموں، راجوری، ادھم پور میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ پاکستانی شیلنگ کا سلسلہ جاری رہا۔