بھوپال :مدھیہ پردیش میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور بی جے پی رجحانوں میں ایک بڑی جیت کی طرف بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ تازہ رجحانوں میں جہاں بی جے پی 150 سے زائد سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئے ہے، وہیں کانگریس تقریباً 70 سیٹوں پر آگے ہے۔ حالانکہ کچھ سیٹوں پر بی جے پی اور کانگریس امیدواروں کے درمیان بہت کم ووٹوں کا فاصلہ ہے۔ اس درمیان بی جے پی کے لیے ایک بُری خبر سامنے آئی ہے۔ مرکزی وزیر پھگن سنگھ کلستے کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پھگن سنگھ کلستے نے مدھیہ پردیش کی نواس اسمبلی سیٹ سے قسمت آزمائی کی تھی جہاں کانگریس امیدوار نے انھیں شکست فاش دے دی ہے۔ کانگریس امیدوار چین سنگھ برکڑے نے تقریباً 5000 ووٹوں کے فرق سے انھیں ہرایا۔ پھگن سنگھ ان لیڈروں میں شامل ہیں جنھیں بی جے پی نے مرکز سے سیدھے مدھیہ پردیش بھیجا تھا۔ شروعاتی رجحانوں میں ہی وہ 8 ہزار ووٹوں سے پیچھے چل رہے تھے اور پھر اس فرق کو وہ زیادہ کم نہیں کر سکے۔ واضح رہے کہ پھگّن سنگھ کلستے فی الحال مرکز میں وزیر مملکت برائے دیہی ترقی و اسپتال ہیں۔ پھگن سنگھ کا نام اس لیے بھی سرخیوں میں رہا کیونکہ شیوراج سنگھ چوہان کی جگہ انھیں وزیر اعلیٰ بنائے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جاتا رہا ہے۔