انل امبانی کی مشکلیں مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ ای ڈی کے بعد اب سی بی آئی 17000 کروڑ روپے کے بینک دھوکہ دہی معاملے میں آر کام اور انل امبانی سے جڑے مقامات کی تلاشی لے رہی ہے۔ سی بی آئی کی ٹیم ہفتہ کی صبح 7 بجے سے انل امبانی کے گھر پر چھاپہ ماری کے لیے پہنچی۔ سی بی آئی کے 7 سے 8 افسر تلاشی مہم میں شامل رہے۔
کف پریڈ سیونڈ واقع انل امبانی کی رہائش پر صبح قریب 7 بجے سی بی آئی افسر پہنچے اور تلاشی مہم شروع کی۔ ابھی تک کی اطلاع کے مطابق انل امبانی اپنے کنبہ کے ساتھ گھر میں موجود ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ انل امبانی کے خلاف بینک سے جڑے دھوکہ دہی معاملے میں ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔
سی بی آئی کی اس کارروائی کے بعد کہا جا رہا ہے کہ انل امبانی کی مشکلیں اور بھی زیادہ بڑھ سکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سی بی آئی جانچ میں انل امبانی کے گھر پر اور دیگر مقامات پر بینک قرض معاملے کو لے کر دستاویز کھنگالے جا رہے ہیں۔ سی بی آئی، یس بینک اور انل امبانی کی کمپنیوں کے درمیان ہوئے پیسوں کی لین دین سے متعلق دستاویز تلاش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ سی بی آئی نے ریلائنس کمیونکیشنس کے خلاف مبینہ طور بینک دھوکہ دہی کا معاملہ درج کیا ہے۔ اس دھوکہ دہی کی وجہ سے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کو 2 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ہونے کا دعویٰ ہے۔ اب اس معاملے میں سی بی آئی کی ٹیم کمپنی کے کئی ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ یکم اگست کو ہی انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے مبینہ طور پر 17000 کروڑ روپے کے قرض دھوکہ دہی معاملے میں جانچ کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے انل امبانی کو طلب کیا تھا۔