نئی دہلی : جسپریت بمراہ نے ٹیسٹ میں ٹاپ رینکنگ حاصل کرنےکے ساتھ ہی انہوں نے ایک ایسا ریکارڈ بھی قائم کیا جو اس سے پہلے کسی گیند باز کے نام نہیں تھا۔انگلینڈ کے خلاف وشاکھاپٹنم ٹیسٹ میچ میں خطرناک گیند بازی کرنے والے جسپریت بمراہ نے آئی سی سی کی رینکنگ میں تہلکہ مچا دیا ہے۔ پہلی اننگز میں 6 وکٹیں لے کر میچ کا رخ ہندوستان کی طرف موڑنے والے اس اسٹار گیند باز کو تازہ ترین ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں تین درجے کا فائدہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ تینوں ہی فارمیٹ میں نمبر ایک پر پہنچنے والے دنیا کے پہلے تیز گیند باز بن گئے ہیں۔
جسپریت بمراہ نے انگلینڈ کے خلاف کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز میں اب تک 15 وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ اس فہرست میں ٹاپ پر ہیں۔ اس کارکردگی کا انہیں آئی سی سی ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں فائدہ پہنچا ہے۔ 3 درجے کی چھلانگ لگا کر وہ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا بدستور دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ ہندوستان کے آر اشون دو درجے نیچے تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز چوتھے جبکہ جوس ہیزل ووڈ پانچویں نمبر پر ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف جب ہندوستان کی ٹیسٹ سیریز شروع ہوئی تھی تو جسپریت بمراہ کو ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھا مقام حاصل تھا۔ پہلے ٹیسٹ میں بمراہ کو 6 وکٹ حاصل ہوئے اور دوسرے ٹیسٹ میں انھوں نے 9 وکٹ لے کر تین اہم گیندبازوں کو پیچھے چھوڑ کر ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست مقام حاصل کر لیا۔ انھوں نے روی چندرن اشون، کگیسو رباڈا اور پیٹ کمنس کو پیچھے دھکیلتے ہوئے نمبر 1 کی کرسی حاصل کی ہے۔ بمراہ نے اس کے ساتھ ہی مزید ایک ریکارڈ بنایا ہے۔ وہ ہندوستان کے پہلے تیز گیندباز بن گئے ہیں جنھوں نے گیندبازوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل ہندوستان کے اسپن گیندباز ہی اس مقام تک پہنچ سکے تھے۔