مدھیہ پردیش اسمبلی انتخاب ہونے میں زیادہ وقت نہیں بچا ہے۔ ایسے میں سبھی پارٹیاں انتخاب کی تیاریوں میں لگی ہوئی ہیں۔ بڑے بڑے لیڈران ریلی تک کرنے لگے ہیں۔ پی ایم مودی کے ساتھ ساتھ عآپ صدر کیجریوال بھی مدھیہ پردیش کا چکر کاٹ چکے ہیں۔ لیکن اس بار بی جے پی کی حالت کچھ اچھی نظر نہیں آ رہی ہے۔ حال کے سروے میں بھی شیوراج حکومت کی کشتی ڈوبتی نظر آ رہی ہے۔ حتیٰ کہ پارٹی کی ’جن آشیرواد یاترا‘ بھی اس بار الجھنوں میں پھنسی ہے۔ جولائی کی پہلی نصف میں اسے نکلنا ہے، لیکن اس کا روڈ میپ ابھی تک تیار نہیں ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ مدھیہ پردیش کے بڑے لیڈران اس یاترا کی شروعات کریں گے، لیکن ابھی تک کوئی فارمولہ نہیں نظر آ رہا۔
دراصل بی جے پی بڑے اجلاس اور بڑے لیڈروں کے ذریعہ لوگوں کو لبھانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ حالانکہ کچھ لیڈروں کو یہ فارمولہ کچھ زیادہ پسند نہیں آ رہا ہے۔ لہٰذا اس پر 4 جولائی کو ہونے والی کور کمیٹی کی میٹنگ میں تبادلہ خیال ہو سکتا ہے۔ اسے فالو اَپ میٹنگ نام دیا گیا ہے۔ اے بی پی نیوز کے مطابق فارمولے میں مشورہ دیا گیا ہے کہ گوالیر اور چنبل میں تومر-سندھیا یاترا نکالیں۔ اس میں وہاں کے باقی لیڈران شامل ہوں۔ وجئے ورگیہ مالوا میں رہیں۔ وی ڈی شرما بندیل کھنڈ میں جائیں۔ شیوراج سنگھ وسطی ہند سنبھالنے کے ساتھ پورے مدھیہ پردیش میں بڑے اجلاس کو خطاب کریں۔ اس میں مرکزی لیڈرشپ بھی شامل ہو جائے۔ حالانکہ ابھی اس پر فیصلہ ہونا باقی ہے۔ ابھی اس یاترا کا خاکہ ہی تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کو مرکزی تنظیم سے منظوری نہیں ملی ہے۔