دھر(مدھیہ پردیش): بی جے پی لیڈر ٹی راجہ سنگھ نے دھر میں مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہوئے ایک متنازعہ تقریر کی جس پر سوشل میڈیا پر کافی تنقیدیں کی جارہی ہیں۔ یہ تقریر ایک ویڈیو میں ریکارڈ کرلی گئی اور اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر گشت کرایا گیا۔یہ ویڈیو ایکس پر پوسٹ کیا گیا جس میں ہجوم کو تقریر کے جواب میں جئے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ تقریر کے دوران سنگھ نے کہا کہ ہندو لوگ خاندانی منصوبہ بندی کی اسکیم ”ہم دو، ہمارے دو“ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے اس کا تقابل مسلمانوں کی مبینہ نئی اسکیم ”ہم دو، ہمارے پچاس“ کے ساتھ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سروے میں آبادیاتی تبدیلیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ہندوؤں کی آبادی میں 8 فیصد کی کمی اور مسلمانوں کی آبادی میں 43 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے جو ایک بڑے مسئلہ کا حصہ ہے۔
چندرشیکھر آزاد کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز تبصرہ کیا۔ انہوں نے مسلمانوں کی عبادت گاہوں پر حملے کرنے کے لئے اکسایا۔ انہوں نے رام مندر اور دھر بھوج شالہ مندر کا تذکرہ کیا اور کہا کہ بھوج شالہ پر لگا ہوا داغ جلد ہی مٹایا جاسکتا ہے۔