مکہ مکرمہ: فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران میدان عرفات میں 34 سالہ پاکستانی خاتون کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی ہے، رواں حج سیزن میں یہ دوسرے بچے کی پیدائش ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے دوران لاکھوں فرزندان اسلام نے میدان عرفات میں خطبہ حج سنا، اس دوران ایک پاکستانی خاتون کو لیبر پین ہوا۔پاکستانی خاتون وقوف عرفہ کے لیے میدان عرفات میں ہی موجود تھیں، جس پر انہیں فوری طور پر جبل رحمت ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ پہنچایاگیا، جہاں انہیں بیٹے کی پیدائش کی خوشخبری دی گئی۔یاد رہے کہ حج کی ادائیگی کے دوران جبل رحمت ہسپتال کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی حجاج کرام کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہو۔جبل رحمت ہسپتال کے ڈاکٹرز نے تمام رپورٹس کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماں اور بچہ دونوں صحت مند ہیں۔