نئی دہلی: نریندر مودی حکومت نے سرکاری ملازمین کے آر ایس ایس کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی ہٹادی ہے۔ واضح رہے ک گزشتہ تین دہائیوں سے یہ پابندی عائد تھی کہ کوئی بھی سرکاری ملازم آر ایس ایس کی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتا تھا۔واضح ہو کہ وزیر اعظم اندرا گاندھی کے دور میں نومبر 1966 میں لگائی گئی پابندی کو 9 جولائی کو ایک حکم کے مطابق ہٹا دیا گیا تاہم اس بات کی خبر آج عام ہوئی ہے۔بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ نے ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 58 سال پہلے 1966 میں سرکاری ملازمین پر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی لگانے والے غیر آئینی حکم نامے کو مودی سرکار نے واپس لے لیا ہے۔ اصل حکم کو جاری ہی نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ امیت مالویہ نے اس پوسٹ کے ساتھ مودی حکومت کے احکام کی نقل بھی شیئر کی ہے۔ امیت مالویہ نے بعد میں یہ پوسٹ ڈیلیٹ کردیا۔ اس کے باوجود کئی اہم ویریفائیڈ ہینڈلس جیسے کانگریس لیڈر پون کھیرا نے بھی ان احکام کو اپنے ہینڈلس پر شیئر کیا ہے۔