دیوبند: دنیا بھر میں معروف دینی درس گاہ دارالعلوم دیوبند نے کیمپس میں خواتین کے داخلے پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ یہاں خواتین آکر سوشل میڈیا کے ریلز بناتی تھیں جس کی وجہ سے طلبا کی پڑھائی متاثر ہوتی تھی۔ اس کے علاوہ خواتین کی جانب سے دارالعلوم میں بنائے گئے ویڈیوز کو سوشل میڈیا میں دیکھ کر لوگوں نے بڑے پیمانہ پر شکایت کی تھی۔ دارالعلوم دیوبند کے منتظم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے خواتین پر پابندی سے متعلق اعلان کی تصدیق کی اور اس کی وجوہات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ دارالعلوم ایک مدرسہ ہے اور اس طرح کی کوئی بھی غیراخلاقی حرکت ناقابل قبول ہے۔ وہیں گودی میڈیا کی جانب سے اس خبر کو خوب اچھالا جارہا ہے اور اس کی غلط تشریح کی جارہی ہے۔ میڈیا کا ایک گروپ دارالعلوم دیوبند کو بدنام کرنے کیلئے ہمیشہ تیار رہتا ہے۔ دارالعلوم میں خواتین کے داخلہ پر پابندی کو فتویٰ کہتے ہوئے اسلام کی شبیہ کو بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔