پٹنہ : بہار کی راجدھانی پٹنہ سے بڑی خبر سامنے آ رہی ہے، جہاں نتیش کمار کی حکومت نے ذات پر مبنی مردم شماری کے تحت ہر غریب خاندان کو دولاکھ روپے دینے کے منصوبے کو منظوری دے دی ہے۔ بہار کے 94 لاکھ 33 ہزار 312 خاندانوں کو اسکیم کی رقم دی جائے گی۔منگل کو بہار کابینہ کی میٹنگ میں 18 ایجنڈے کو منظوری دی گئی۔کابینہ محکمہ کے پرنسپل سکریٹری کے مطابق یہ رقم تین قسطوں میں دی جائے گی۔ بہار اسمال انٹرپرینیور اسکیم کے تحت 62 صنعتوں کے لئے بھی فنڈز دئے جائیں گے ۔ اس کے ساتھ ہی میونسپل کونسل کو مکامہ علاقہ سے پانی نکالنے کے لئے 40 کروڑ 56 لاکھ 15 ہزار روپے کی منظوری ملی ہے۔کابینہ محکمہ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ سڑک حادثے میں موت کی صورت میں مرنے والوں کے اہل خانہ کو دی جانے والی رقم میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اب سڑک حادثے میں موت کی صورت میں 5 لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی۔ وہیں سی ایم میڈیکل اسسٹنس اسکیم کے تحت گردے کے علاج کے لئے 2.5 لاکھ روپے ملیں گے۔ایس سدھارتھ نے بتایا کہ دہلی کے بہار نیواس کو از سر نو بنایا جائے گا۔ بہار نیواس پر کل 121 کروڑ 83 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔ کابینہ نے دہلی میں بہار نیواس کی تعمیر نو کے کام کے لئے ایجنٹ کو منظوری دے دی ہے۔ علاوہ ازیں گیا ضلع کے داؤد نگر میں سولر پلانٹ لگایا جائے گا۔ سولر پلانٹ مجموعی طور پر 25 ایکڑ 89 ڈسمل زمین پر تعمیر کیا جائے گا۔