حیدرآباد:تلنگانہ کی حکمراں جماعت بی آر ایس نے انتخابی منشور جاری کردیا۔ اس میں کے سی آر بیمہ لائف انشورنس اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے جس میں ہر راشن کارڈ رکھنے والے کے لئے 5 لاکھ روپے تک لائف انشورنس کی سہولت ہوگی۔تلنگانہ کے 93 لاکھ خاندانوں کو اس سے فائدہ ہوگا۔ دلت بندھو بیمہ کے خطوط پر اس اسکیم پر موثر عمل کے لئے ریاستی حکومت ایل آئی سی کو مکمل پریمیم کی رقم ادا کرے گی۔ راشن کارڈ رکھنے والوں کے لئے ایک اور بڑی اسکیم تلنگانہ اناپورنا کا اعلان کیا گیا ہے جس کے ذریعہ 93 لاکھ خاندانوں کے لئے باریک چاول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔بی آر ایس نے دلت بندھو اسکیم کی سالانہ رقم 10ہزار روپے میں اضافہ کرتے ہوئے ہر سال 16 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے دوران یہ رقم 12ہزار روپے ہوگی اور ہر سال اس میں 16ہزار روپے تک اضافہ ہوگا۔ آسرا وظائف کی رقم 2016روپے میں مرحلہ وار طور پر اضافہ کرتے ہوئے اسے 5 ہزار روپے کیا جائے گا۔ معذورین کے وظیفے 4,016روپے کو بڑھاکر 6,000روپے کیا جائے گا۔ مرحلہ وار انداز میں یہ اضافہ ہوگا۔
ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں مرکز کے اضافہ کے پیش نظر بی آر ایس نے غریب خواتین اور اکریڈیشن رکھنے والے صحافیوں کے لئے 400روپے میں سلنڈر فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ سوبھاگیہ لکشمی اسکیم کے تحت ماہانہ اعزازیہ تین ہزار روپے دیا جائے گا۔ آروگیہ شری اسکیم کے تحت علاج کے لئے رقم کی حد 15 لاکھ روپے کردی جائے گی جو پہلے 10 لاکھ روپے تھی۔ وزیراعلی نے مسلسل تیسری میعاد کے لئے برسراقتدار آنے پر تمام کے لئے امکنہ کے وعدے کی یاد دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے لئے قدیم وظیفہ کی اسکیم کے امکانات کا جائزہ لینے کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔