کابل: افغانستان میں طالبان حکومت نے اپنے وزیر خارجہ امیر خان متقی کو مولوی عبدالکبیر کی جگہ نائب وزیر اعظم کا عہدہ بھی دیدیا۔ میڈیا کے مطابق طالبان حکومت کے نائب وزیراعظم مولوی عبدالکبیر آخری بار 4 ستمبر کو منظر عام پر دیکھے گئے تھے جب انھوں نے کابل میں ترک سفیر سے ملاقات کی تھی۔اس کے بعد سے یاد رہے کہ نائب وزیراعظم مولوی عبدالکبیر نے موسمیاتی تبدیلی، یوم اساتذہ، قوش تپا کینال کے افتتاح اور پولیس گریجویشن کی تقریب سمیت کسی بھی کابینہ اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی اور نہ ہی انھیں کسی عوامی مقام پر دیکھا گیا تھا۔
جب ان کی غیر حاضری پر سوالات اْٹھائے گئے تو جواب میں ڈپٹی پی ایم آفس میں میڈیا ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ حسن حقیار نے بتایا تھا کہ نائب وزیراعظم بیمار تھے اور صحت یاب ہوچکے ہیں اور جلد حکومتی سرگرمیاں شروع کردیں گے۔تاہم اب طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اعلان کیا ہے کہ نائب وزیر اعظم مولوی عبدالکبیر 3 ماہ علالت کے باعث ذمہ داریاں نہیں نبھا پا رہے ہیں اس لیے وزیر خارجہ امیر خان متقی عارضی طور پر نائب وزیراعظم کا عہدہ بھی سنبھالیں گے۔