ووٹر ادھیکار یاتراہفتہ کے روز اپنے 14ویں دن چھپرا کے شیام چک موڑ سے شروع ہوئی۔ یہ یاترا مختلف اہم راستوں اور مقامات سے گزرتے ہوئے آرہ پہنچے گی، جہاں ویر کنور سنگھ اسٹیڈیم میں ایک عظیم الشان عوامی جلسے کا انعقاد طے ہے۔آج کی یاترا کا سب سے نمایاں پہلو سماجوادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ اتر پردیش اکھلیش یادو کی شمولیت رہی۔ اکھلیش یادو نے کانگریس قیادت کے ساتھ قدم ملا کر چلتے ہوئے بی جے پی پر سخت حملہ بولا اور کہا کہ ملک میں جمہوریت کو بچانے کے لیے ’ووٹ چوری‘ کے خلاف یہ جدوجہد ناگزیر ہے۔
یاترا شروع کرنے سے قبل راہل گاندھی اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اکھلیش یادو کا استقبال کیا۔ کانگریس نے اپنی ایکس پوسٹ میں کہا، ’’عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جاری ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ نے نئی بیداری پیدا کی ہے۔ آج اکھلیش یادو کی شمولیت سے یہ تحریک مزید مضبوط ہوئی ہے۔
چھپرا سے آرہ تک یہ یاترا راجندر کالج، داروغہ رائے چوک، راجندر اسٹیڈیم، تھانہ چوک، میونسپلٹی چوک، بازار کمیٹی موڑ، نوازی ٹولا چوک، بیکاری چوک، روزہ، جنگا چوک، آرہ روڈ، سکڈّا، چھپرا برج موڑ، آرہ زیرو مائل، برہٹہ اسمبلی، دھرہرہ چوک، سپنا سنیما موڑ، شیو گنج، آرہ صدر اسپتال، مٹھیا موڑ اور رمنا میدان چوک سے گزرتی ہوئی آگے بڑھے گی۔
کل، یعنی 13ویں دن، یاترا سیوان میں تھی جہاں کانگریس کے سابق صدر اور موجودہ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بی جے پی پر براہ راست الزام لگایا کہ وہ انتخابات میں ’ووٹ چوری‘ کر کے جمہوریت پر حملہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’بی جے پی کے لیڈر اب بے قابو ہو کر اچھل رہے ہیں، کیونکہ چوری رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ہے۔ ہندوستان اب ووٹ چوروں کو پہچان چکا ہے۔ ہم بہار میں ووٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔