اسلام آباد:پاکستان کی مشہور اداکارہ نور بخاری بھی الیکشن لڑ رہی ہیں۔ انہوں نے لاہور سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ نور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما عون چودھری کی اہلیہ ہیں۔ مشہور فلم ’بھائی لوگ‘ کی اسٹار نور بخاری نے خواتین کیلے مخصوص سیٹ سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئے۔ 44 اردو اور 20 پنجابی فلموں میں کام کرچکیں اداکارہ نور بخاری نے حال ہی میں اپنا سوشل میڈیا چینل شروع کیا جو کافی مقبول ہو رہا ہے۔
ٹک ٹاک اسٹار صندل خٹک نے خیبرپختونخوا کی سیٹ سے کاغذات نامزدگی جمع کرادئے ہیں۔ چند ماہ قبل صندل اس وقت سرخیوں میں آئی تھیں، جب سوشل میڈیا اسٹار حریم شاہ کے ساتھ ان کا ایک ویڈیو ٹک ٹاک پر وائرل ہوگیا تھا۔ اس کے بعد معاملہ عدالت میں پہنچا اور ضمانت لینی پڑی۔ صندل اس وقت مقبولیت کے عروج پر ہیں اور لاکھوں لوگ انہیں فالو کرتے ہیں۔
اپنی منفرد گائیکی کے لئے پاکستان میں مشہور چاہت فتح علی خان نے لاہور سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے لاہور کی نشست این اے 128 سے آزاد امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ بتادیں کہ بلاول بھٹو بھی یہیں سے انتخابی میدان میں اتریں گے۔
ڈاکٹر سویرا پرکاش پاکستان میں قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے والی پہلی ہندو خاتون ہیں۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر خیبرپختونخوا کی بونیر سیٹ سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔ان کے علاوہ دہشت گرد حافظ سعید کا بیٹا طلحہ سعید بھی الیکشن لڑنے جا رہا ہے ۔ اس نے لاہور کے حلقہ این اے 122 سے کاغذات نامزدگی جمع کرایا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان بھی یہاں سے میدان میں اتر سکتے ہیں۔